Home / Latest /

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا دور ہ چارسدہ عوام کیلئے وبال جان بن گیا

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا دور ہ چارسدہ عوام کیلئے وبال جان بن گیا



 وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا دور ہ چارسدہ عوام کیلئے وبال جان بن گیا ۔ کئی کلومیٹر تک سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے گاڑیوں میں سوار خواتین اور بچے بے حال ہو گئے ۔ وزیر اعظم کی گاڑی کیلئے راتوں رات سڑک بھی تعمیر کی گئی ۔وزیر اعظم کا دورہ کھودا پہاڑ نکلا چوہا کا مصداق ثابت ہوا ۔ ضلع چارسدہ کیلئے ایک روپے کے ترقیاتی منصوبے کا اعلان تک نہ ہوا ۔ عوامی حلقے سراپا احتجاج بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی گزشتہ روز چارسدہ میں واقع وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے اہلیہ تہمینہ درانی کے نجی ہسپتال” دارلرحمت”میں نو تعمیر شدہ نئے بلاک اور توسیعی منصوبے کا افتتاح کرنے کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر پہنچے ۔ وزیر اعظم کے جلسے کیلئے سرکاری طور پر گزشتہ تین روز سے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات جاری تھے اور وزیر اعظم کے دورے سے ایک روز قبل ایک خصوصی ہیلی کاپٹرمیں وزیر اعظم کی ہیلی کاپٹر کے سفر واپسی کیلئے فیول پہنچایا گیا ۔ حکومتی پارٹی مسلم لیگ (ن) کے ضلعی تنظیم نے وزیر اعظم کے دورے کا بائیکاٹ کیا جبکہ وفاقی حکومت کے اتحادی جماعتوں کو بھی مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے اور چارسدہ سے تعلق رکھنے والے قومی وطن پارٹی کے ایم این اے آفتاب احمد خان شیر پاؤ اور جمعیت علمائے اسلام کے ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ۔ وزیر اعظم کے دورہ چارسدہ کیلئے حکومتی سطح پر گزشتہ تین روز سے انتظامات جاری تھے اور تہمینہ درانی کے چچا زاد بھائی ظفر خان کے گھر ایک کپ چائے پینے کیلئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گاڑی کیلئے راتوں رات پری مکس سڑک تعمیر کی گئی ۔وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر کے لینڈنگ سے پہلے پشاور چارسدہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا جس کی وجہ سے کئی کلو میٹر تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں بن گئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ کئی گھنٹے تک ٹریفک بندش کی وجہ سے گاڑیوں میں سوار خواتین اور بچے بے حال ہو گئے ۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ چارسدہ سے عوام نے کافی توقعات وابستہ کئے تھے مگر ان کا دورہ کھود اپہاڑ نکلا چوہا ثابت ہوا اور وزیر اعظم نے ضلع چارسدہ کیلئے ایک دھیلے ترقیاتی منصوبے کا اعلان تک نہ کیاجس پر عوامی حلقوں نے شدید اعتراضات اٹھائے اور وزیر اعظم کے دورہ چارسدہ پر قومی خزانے سے کروڑوں روپے اخراجات کے احتساب کا مطالبہ کیا۔



Check Also

قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے بیرسٹر سلطان محمد خان کا تحریک انصاف کو خراج تحسین ۔ آفتاب شیر پاؤ اور سکندر شیر پاؤ پر کھڑی تنقید

قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے سلطان محمد خان نے چارسدہ پریس چیمبر میں …

Leave a Reply

error: Content is protected !!